سعودی عرب میں خشک پہاڑوں اور بے آب و گیاہ زمین پر آباد شہر مکہ کے بانی حضرت ابراہیم ؑ ہیں جنھوں نے یہاں بیت اللّه تعمیر کیا تھا۔
سعودی عرب میں خشک پہاڑوں اور بے آب و گیاہ زمین پر آباد شہر مکہ کے بانی حضرت ابراہیم ؑ ہیں جنھوں نے یہاں بیت اللّه تعمیر کیا تھا۔ اس شہر مقدس کو تین جلیل القدر نبیوں سے نسبت کا شرف حاصل ہے، بقول سید سلیمان ندویؒ: ’’یہ شہر ایک بوڑھے پیغمبر (ابراہیم ؑ) کی بنا، ایک نوجوان پیغمبر (اسمٰعیل ؑ) کی ہجرت گاہ اور ایک یتیم پیغمبر (محمدﷺ) کا مولد ہے۔‘‘ خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی جائے پیدائش کو مولد النبی کہا جاتا ہے جہاں اب (لائبریری) بنائی گئی ہے۔ مکہ معظمہ 21درجے25دقیقے عرض بلد شمالی اور 39درجے 49دقیقے طول بلد مشرقی پر واقع ہے اور سطح سمندر سے قریباً 300میٹر بلند ہے۔ یہ وادیٔ ابراہیم میں آباد ہے جو چاروں طرف سے پہاڑوں میں گھری ہوئی ہے۔ اس کے مغربی جانب جبل قُعیقعان ہے۔ جنوب مشرق میں جبل ثور اور جنوب میں جبل کُدَیّ واقع ہیں۔ مشرق میں مسجد الحرام کے قریب ترین420میٹر بلند جبل ابو قبیس اور اس کے پیچھے کوہ خندمہ ہیں۔ مکہ مکرمہ کے شمال مغرب میں جبل اَلحَجُون واقع ہے جس کی کداَء نامی گھاٹی کی طرف سے نبیﷺ فتح مکہ کے وقت شہر میں داخل ہوئے۔ شمال مشرق میں جبل حرا سطح سمندر سے 642می...